فواد چوہدری نے بھی تحریک انصاف چھوڑ دی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کا پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سینئر رہنما فواد چوہدری نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو ایک ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ سیاست سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور عمران خان سے راہیں جد کرلی ہیں۔
ادھر چیف جسٹس جسٹس عمر عطا بندیال نے اٹارنی جنرل آف پاکستان سے کہا ہے کہ اپنے لوگوں کو کہیں کہ ایوان میں کھڑے ہو کر سخت باتیں نہ کریں۔ بدھ کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن نظرِثانی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انصاف کا حتمی ادارہ سپریم کورٹ ہے، اس لیے دائرۂ کار محدود نہیں کیا جا سکتا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم کافی قربانیاں دے بیٹھے ہیں، ہم آپ کی رضا کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لیے بیٹھے ہیں۔ ہم نے آپ کو خوش آمدید کہا، گڈ ٹو سی کہا، ہماری ہر چیز درست رپورٹ نہیں ہوتی۔
اس دوران سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کے ماسٹر مائنڈ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل (ر) فیض حمید ہیں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے اس کیس میں زلفی بخاری، بابر اعوان اور شہزاد اکبر کا نام لیا جاتا ہے، لیکن اس کے 'ماسٹر مائنڈ' جنرل فیض حمید ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید نے اربوں روپوں کا فائدہ اُٹھایا۔ اُن کے اثاثے اُن کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ فیصل واوڈا کے الزامات پر تاحال جنرل فیض حمید کا کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کر نے کا حکم دیا ہے۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسد عمر کی رہائی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر ان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
ہائی کورٹ نے بابر اعوان کے دلائل سننے کے بعد نقص امن کی دفعہ تھری ایم پی او کے تحت اسد عمر کی نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسد عمر کو پرتشدد احتجاج کا حصہ نہ بننے کا بیانِ حلفی بھی جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
نو مئی کے واقعات کے تناظر میں گرفتاری کے بعد رہائی پانے والے پی ٹی آئی کے کئی رہنما نہ صرف پارٹی سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں بلکہ کئی نے سیاست چھوڑنے کے بھی اعلانات کیے ہیں۔
حالیہ چند روز کے دوران تحریکِ انصاف کے کئی رہنما گرفتاری کے بعد عدالتوں سے رہائی پانے کے باوجود دوبارہ گرفتار کیے گئے ہیں۔
منگل کو پولیس نے پی ٹی آئی کے نائب چیئر مین شاہ محمود قریشی اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔