9 مئی کے واقعات دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 اور 10 مئی کے دوران پیش آنے والے دلخراش واقعات نے 23 کروڑ عوام کو شدید دلی صدمہ پہنچایا۔
ریڈیو پاکستان پشاور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم سب ریڈیو پاکستان کی عمارت کو دیکھ کر بہت دکھی ہیں۔ یہ وہ تاریخی عمارت ہے جہاں پاکستان بننے سے پہلے ریڈیو کا نظام موجود تھا اور یہیں سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں۔
9 اور 10 مئی کے دوران پیش آنے والے دلخراش واقعات نے 23 کروڑ عوام کو شدید دلی صدمہ پہنچایا اور غم و غصے کی لہر پورے پاکستان میں پھیل گئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس سینٹر سے 1947 میں آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں اسے جلا کر راکھ کا ڈھیر بنا دینا کہاں کی عقلمندی ہے۔ اس سے بڑھ کر کوئی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سب دکھی دل کے ساتھ یہاں موجود ہیں۔ یہاں موجود آرکائیوز کو بھی جلا دیا گیا، قومیں اپنی شناخت اور تاریخی ورثے کو جان سے بھی عزیز رکھتی ہیں اور یہاں انہیں راکھ کا ڈھیر بنادیا گیا۔ میں اس ادارے کے عملے کے حوصلے اور شجاعت کی داد دینا چاہتا ہوں، عبداللہ اور نصیر نے جس طریقے سے اُن بلوائیوں کا مقابلہ کیا اور زخمی ہوگئے اُن کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج پوری قوم مل کر اس بات کا عہد کرتی ہے کہ ایسے واقعات دوبارہ کبھی رونما نہ ہوں گے۔ ایسے واقعات جو ہمارا ازلی دشمن بھی نہ سوچ سکا وہ اپنوں نے دہشت گرد بن کر سرانجام دیے، قانون اور آئین کے مطابق ان کو ضرور سزا ملے گی تاکہ قیامت تک کوئی دوبارہ ایسی جرات نہ کرسکے۔