عمران خان نے آرٹیکل 245 اور پارٹی ورکرز کی گرفتاریاں سپریم کورٹ میں چیلنج کردیں

  • جمعرات 25 / مئ / 2023

عمران خان نے آرٹیکل 245 اور پارٹی ورکرز کی گرفتاریاں سپریم کورٹ میں چیلنج کردی ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کا آرمی ایکٹ کے تحت کورٹ مارشل کا اقدام بھی چیلنج کیا ہے۔

ایڈووکیٹ حامد خان کی وساطت سے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کرتے ہوئے وفاقی حکومت، نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، آصف زرداری، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان، نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی، اعظم خان سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ سارا ڈرامہ نواز شریف اور مریم نواز کا رچایا ہے۔ ان دونوں نے پروپیگنڈہ کیا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں۔ حالانکہ میں نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور ساتھ کھڑا رہا۔ پلوامہ واقعے پر 27 فروری 2019 کو پاک فوج کو سپورٹ کیا۔

انہوں نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ آرٹیکل 245 کے نفاذ کو غیر آئینی قرار دے۔ تحریک انصاف کے کارکنان کو فوری رہا کرنے کا حکم دے۔ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سویلینز کا کورٹ مارشل غیر آئینی قرار دے۔ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جبری علیحدگیوں کو غیر آئینی قرار دے۔