نو مئی کے واقعات کھلی بغاوت کی تربیت دی گئی: خواجہ آصف

  • جمعہ 26 / مئ / 2023

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات ریاستِ پاکستان کے ساتھ کھلی بغاوت تھی جس کی باقاعدہ تربیت دی گئی۔

جمعے کو کور کمانڈر ہاؤس لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ کینٹ، پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نو مئی کو جو کچھ بھی ہوا اس کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ اس دن یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ فوجی تنصیبات اور افسران کی رہائش گاہوں کو آسانی سے ہدف بنایا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر رہائی پانے والوں پر نو مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے تو پھر انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔

 

ادھر پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔  عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کے لیے زہرِ قاتل بن گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کے بقول لوگوں کو استعمال کر کے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دینا عمران خان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔