صدر اردوان صدارتی انتخاب کے دوسرے راؤنڈ میں کامیاب ہوگئے

  • سوموار 29 / مئ / 2023

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے صدارتی انتخاب کے دوسرے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس طرح وہ تیسری مدت کھے لئے ترکیہ کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

اس کامیابی کے بعد  ان کا اقتدار تیسری دہائی میں داخل ہؤا ہے۔ وہ اب 2028 تک ترکیہ کے صدر رہیں گے۔ طیب اردوان نے 14 مئی کو پہلے راؤنڈ میں سیکولر حریف کمال کلیچدار اوغلو سے تقریباً 5 فیصد زیادہ ووٹ حاصل کئے  تھے تاہم انہیں پچاس فیصد ووٹ حاصل نہیں ہوسکے تھے جس کی وجہ سے صدارتی انتخاب کا دوسرا راؤنڈ اتوار کو ہؤا۔

اس راؤنڈ میں انہوں نے بہتر کارکردسگی کا مظاہرہ کیا اور باون فیصد سے زائد ووٹ لے کر اپنے مدمقابل کو شکست دے دی۔  ہزاروں پرجوش حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے اپیل کی کہ قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اردوان کو اپنے مدِمقابل حزبِ اختلاف کے اُمیدوار کمال کلیچ اولو کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ صدر ایردوان نے 52.1 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ ان کے مقابل امیدوار اور حزبِ اختلاف کے رہنما اولو کو 47.9 فی صد رائے دہندگان کی حمایت حاصل ہو سکی۔

صدر اردوان کے ناقدین کہتے ہیں کہ قوم پرست، قدامت پسند اور مذہبی ووٹرز کو استعمال کرنے کے بعد اردوان اپنی طرزِ سیاست کو مزید بڑھاوا دیں گے۔ ترک سیاست اور معاشرت پر تحقیق کرنے والے ادارے یوریشیا گروپ کنسلٹنسی کے ایمرے پیکر کہتے ہیں کہ ترکیہ میں سیاسی تقسیم مزید بڑھے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتخابی نتائج موصول ہونے کے بعد صدارتی محل کے قریب ان کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، لاؤڈ اسپیکر پر نغمے گائے جا رہے تھے اور ترکیہ کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔ پرجوش ووٹرز رجب طیب اردوان کی تصاویر کے ساتھ ترکیہ کے جھنڈے اور بینرز لہراتے ہوئے عمارت کے باہر جمع ہو گئے۔ کاروں پر سوار حامیوں نے اپنی گاڑی کے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ کامیابی کے بعد صدر اردوان نے پرجوش سامعین سے خطاب کیا۔ اس دوران آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عوامی جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات بلندی کی جانب گامزن رہیں گے۔  وزیراعظم نے کہا کہ اردوان دنیا کے مظلوم مسلمانوں کے لئے ایک توانا ستون اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لئے پرجوش آواز رہے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے مباکباد کے پیغام میں کہا کہ تاریخی فتح ترک قوم کے دور اندیش قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، ہم بھائی چارے کے اپنے منفرد سفر کو جاری رکھتے ہوئے ترکیہ کے لیے امن اور خوشحالی کی خواہش کرتے ہیں۔