سیاسی لبادہ اوڑھ کر ریاست پر حملہ آور ہونے والوں سے مذاکرات نہیں ہو سکتے: شہباز شریف

  • منگل 30 / مئ / 2023

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاست میں ڈائیلاگ  کی اہمیت پر زور دیا ہے مگر ساتھ یہ واضح کیا ہے کہ مذاکرات سیاسی لبادہ اوڑھے ایسے افراد کے ساتھ نہیں ہو سکتے جو ریاست کی علامتوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مذاکرات سیاسی عمل میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوتے ہیں جو جمہوریت کی ترقی اور پختگی میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب سیاسی رہنما کسی معاملے پر اکھٹے بیٹھے اور اتفاق کیا تو بہت سی سیاسی اور آئینی پیش رفت سامنے آئی۔

تاہم اب ایک بڑا فرق ہے۔ انتشار پسند اور آتش زدگی کرنے والے جو سیاست دانوں کا لباس پہنتے ہیں اور ریاست کی علامتوں پر حملہ کرتے ہیں وہ ڈائیلاگ کے اہل نہیں ہیں۔ ان سے ڈائیلاگ کرنے کے بجائے ان کا اُن کی عسکری کارروائیوں کا محاسبہ کیا جانا چاہیے۔ ترقی یافتہ جمہوریتوں میں بھی یہی رواج ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف ماضی قریب میں مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں اور ان کی جانب سے اس ضمن میں ایک سات رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔ بی بی سی کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ ڈائیلاگ کے بدلے ان کے پاس آفر کرنے کے لیے کیا ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ جاننے کے لیے متجسس ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ہمیں دوڑ سے باہر رکھنا ملک کے لیے کیسے فائدہ مند ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ ’میں بات چیت اس لیے کرنا چاہتا ہوں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ سوچ کیا رہے ہیں۔ میں نے انھیں کہا ہے کہ آپ مجھے اس بات پر متفق کر لیں کہ یہ سب پاکستان کے لیے درست ہے تو میں متفق ہو جاؤں گا۔