جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا

  • جمعہ 02 / جون / 2023

سماجی رہنما جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ کراچی کے کلفٹن تھانے میں درج کرلیا گیا۔ انہیں کل رات ان کے گھر کے قریب سے اٹھا لیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا کی مدعیت میں مقدمہ اغوا کی دفعہ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ منشا پاشا نے مقدمے میں بیان دیا ہے کہ ہم رات 11 بجے اپنے گھر کی طرف آ رہے تھے، خیابان تنظیم کے قریب 2 گاڑیوں نے ہماری گاڑی کو روکا۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے میرے شوہر کو زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور لے گئے۔ منشا پاشا کا کہنا ہے کہ دونوں گاڑیوں میں تقریباً 15 مسلح افراد تھے۔

معروف وکیل اور حقوق کے لیے کام کرنے والے متحرک جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا نے جمعرات کی رات گئے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے ہیں۔ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’سادہ کپڑوں میں ملبوس اور ہاتھوں میں پستول اٹھائے تقریباً 15 افراد نے ہماری گاڑی کو گھیرا اور جبران کو زبردستی لے گئے۔

منشا پاشا نے مزید کہا کہ انہوں نے کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔ پولیس کو اپنی تحریری شکایت میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک سفید رنگ کی ٹویوٹا ہیلکس/ویگو نے بائیں جانب سے ہماری کار کو ٹکر ماری آئیڈیل بیکری کے قریب رکنے پر مجبور کیا۔

منشا پاشا نے جبران ناصر کی رہائی کے لیے فوری کارروائی اور انہیں اغوا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ جبران ناصر سماجی و ملکی مسائل پر بے دھڑک بات کرنے اور پاکستانیوں کے آئینی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں میں ایک توانا آواز سمجھے جاتے ہیں۔  انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں کراچی سے ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔

حال ہی میں وہ پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر فسادات میں حصہ لینے والے افراد کےخلاف قانونی کارروائی کے طریقے پر بھی تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہیں 2013 میں فارن پالیسی میگزین نے فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف متاثر کن کام کرنے والے تین پاکستانیوں میں شامل کیا تھا۔