برطانیہ سے 190 ملین پاؤنڈ متقلی کے معاملے میں متعدد سابق وزرا کے خلاف تحقیقات
190 ملین پاؤنڈز کی غیرقانونی منتقلی کے اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے 22 اہم سیاسی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات تیز کر دی ہیں۔
نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزرا اور کابینہ کے ممبرز کے نام گاڑیاں، جائیدادوں اور اکاؤنٹس کا ریکارڈز طلب کر لیا ہے۔ تمام صوبوں کے سیکریٹری ایکسائز سے 22 سیاسی رہنماؤں کے نام گاڑیاں، گھر، پلاٹس اور زمینوں کا ریکارڈز حاصل کرنے کے لیے مراسلے جاری کر دیے۔
نیب نے شیخ رشید احمد، پرویز خٹک، عمر ایوب، حماد اظہر، اسد عمر، فواد چوہدری اور مراد سعید کے نام اثاثوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ جبکہ اعظم سواتی، علی زیدی، فیصل واوڈا، علی امین گنڈہ پور، شفقت محمود، غلام سرور اور شیریں مزاری کے نام جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔
علاوہ ازیں خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، خسرو بختیار، اعجاز احمد شاہ سمیت دیگر کے نام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
نیب راولپنڈی نے 22 سابق وفاقی وزرا اور کابینہ ممبران کے نام اور ٹرانسفر گاڑیاں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔ سال 2018 سے اب تک سابق وفاقی وزرا نے جتنی گاڑیاں خریدیں یا فروخت کیں تمام کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ نیب سابق وزرا اور کابینہ ممبران سمیت دیگر کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات کر رہا ہے۔