شاہ محمود قریشی رہا کردیے گئے

  • منگل 06 / جون / 2023

عدالتی حکم کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکلا اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو ہمت اور حوصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر غروب کے بعد طلوع ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، اس تحریک کا حصہ یوں جو خوددار پاکستان چاہتی یے۔ ایک ماہ قید تنہائی سے گزرا، اب اپنا تجزیہ چیئرمین کو بتاؤں گا۔ خان صاحب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے تفصیلی گفتگو کروں گا۔ جیل میں قید بے گناہ کارکنوں کی رہائی کے لیے کوشش کروں گا۔ ہم اُن کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بچے پریشان تھے انہیں بتایا تو انہوں مجھے اللہ کے حوالے کیا اور بہت زیادہ ساتھ دے کر حوصلہ افزائی کی۔ الله نے حفاظت کی ہے، بہنوں خاندان والوں کا مشکور ہوں۔

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے نظربندی پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے اور 3 روز میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی آئین وقانون مطابق پرامن سیاسی سرگرمیاں، پرامن احتجاج  اور خطاب کر سکیں گے  جب کہ توڑ پھوڑ،جلاؤ گھیراؤ کے احتجاج سے دُور رہیں گے۔

دوران سماعت عدالت نے لا افسر سے استفسار کیا کہ شاہ محمود قریشی نے اگر کوئی تقریر یا کسی احتجاج کو لیڈ کیا ہے تو بتائیں۔ کوئی بھی سیاسی لیڈر کسی سیاسی مجمعے میں اپنے الفاظ کو کنٹرول نہیں کرسکتا۔ شاہ محمود قریشی کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں۔ لا افسر نے جواب دیا ہمیں 2 دن کا وقت دیا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے نظربندی پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔