پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب کراچی کے میئر منتخب ہوگئے
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہو گئے ہیں۔
میئر کراچی کے انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ جبکہ حافظ نعیم کو 161 ووٹ ملے۔ نتیجے کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔
غیر حتمی اعلان کے بعد کراچی کی آرٹس کونسل جسے پولنگ سٹیشن کا درجہ دیا گیا تھا، کے باہر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
پی پی پی چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بلاول بھٹو سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آج پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک تاریخی کامیابی ملی ہے، یہ کامیابی پورے پاکستان کی فتح ہے۔‘
دوسری طرف امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کل پورے ملک میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے انتخاب میں پولیس گردی کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا۔
کراچی میں پولیس کے ذریعے اکثریت کو اقلیت بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کراچی میں دھاندلی نے قومی انتخابات کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھا دیے۔ ترجمان جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس جمعے کی صبح منصورہ میں شروع ہوگا۔