اسحاق ڈار مخالف لوگوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں: شہباز شریف

  • جمعہ 16 / جون / 2023

وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پارٹی میں جو لوگ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچتے ہیں، انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف کو پانچ سال کے لیے پارٹی صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جنرل کونسل اجلاس مؤخر کرتا رہا تاکہ نواز شریف خود اس میں شرکت کر سکیں۔ ناگزیر وجوہات کی بدولت ایسا نہ ہوسکا۔ الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی لہذا آج یہ انتخاب کرایا۔ جس دن نواز شریف آئیں گے، یہ امانت ہم انہیں واپس کر دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے ہم الٹے سیدھے ہوگئے۔ قلیل مدتی تقاضہ تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کرکے ملک کو ترقی کے راستے پر لے جائیں۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی مگر ہم نے ہمت نہیں ہاری۔ شدید مالی مشکلات کے باوجود تنخواہوں و پنشنز میں اضافہ کیا گیا۔

آئی ایم ایف سے آج بھی ہمارے سنگھ پھنسے ہوئے ہیں۔ دعا کریں ہم اس سے نکل جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نواز شریف آئیں اور اگلا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیر اعظم بنیں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ پارٹی کے جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں (اسحاق ڈار) نے ملک کی خاطر اپنی صحت خراب کرلی۔