اسلام آباد لاہور موٹروے بس حادثہ میں 13 افراد جاں بحق

  • اتوار 18 / جون / 2023

اسلام آباد لاہور موٹروے پر کلر کہار کے قریب پیش آنے والے بس حادثے کا مقدمہ بس ڈرائیور، مالک اور بس اڈے کے مینیجر کے خلاف درج کرلیا گیا۔ اس حادثہ میں 13 مسافعر جاں بحق ہوئے تھے۔

مسافروں نے بتایا کہ بس جب راولپنڈی اڈے سے نکل رہی تھی تو سفر کے لیے مکمل طور پر فٹ نہیں تھی۔ انہوں نے گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کو بھی خرابی کے متعلق بتایا لیکن بس کے مالک اور اڈا مینیجر نے ڈرائیور سے کہا کہ بس بالکل ٹھیک ہے، آپ سواریوں کو لے جائیں۔

ایف آئی آر کے مطابق مسافروں کا مؤقف ہے کہ راستے میں بھی بس صحیح حالت میں نہیں چل رہی تھی۔ ڈرائیور نے بس کے مالک اور اڈا مینیجر کی ایما پر یہ حادثہ غفلت، لاپروائی اور تیز رفتاری سے بس چلا کر کیا، موٹر وہیکل ایگزامنر بھی اس میں ملوث ہے، ان سب کے خلاف مذکورہ بالا دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد لاہور موٹروے پر پیش آنے والے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالٹ رینج پر حادثات کا تواتر کے ساتھ ہونا پریشان کن ہے۔ کلر کہار پر بس حادثے کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں پر دلی طور پر رنجیدہ ہوں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ موٹروے حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ موٹروے پر چلنے والی گاڑیاں سفر کے قابل ہوں اور ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کے تمام معیارات پر پورے اترتے ہیں۔ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرکے ہی سفر کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے، میری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس دردناک حادثے میں اُن سے بچھڑ گئے۔

سرکاری اور ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد لاہور موٹروے پر کلر کہار کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہوگئی جبکہ 31 افراد زخمی ہوگئے۔