یونان کشتی حادثہ ہر تحقیقات کیلئے 4 رکنی کمیٹی، کل یوم سوگ منایا جائے گا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے واقعے کی تحقیقات کیلئے چار رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے اور کل یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق یوم سوگ کے موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔ نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقرر کئے گئے ہیں جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ)جاوید احمد عمرانی کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی اور انسانی اسمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا۔ عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا۔ ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی۔ کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی اور کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ پائے جانے پر ملوث ایجنٹوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ ان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔
وزیراعظم نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی۔