ٹائٹینک کے ملبے تک جانے والی لاپتہ آبدوز میں پاکستانی نژاد صنعتکار بھی موجود ہیں
- تحریر بی بی سی اردو
- منگل 20 / جون / 2023
بحرِ اوقیانوس کی گہرائیوں میں غرق ہونے والے تاریخی بحری جہاز ٹائٹینک کے ملبے تک تفریحی سفر پر لے جانے والی اس آبدوز کی تلاش کا کام جاری ہے جو اتوار سے لاپتہ ہے۔
اس پر سوار پانچ مسافروں میں پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد کے علاوہ برطانوی ارب پتی بزنس مین اور مہم جو ہمیش ہارڈنگ اور اس تفریحی مہم کا انتظام کرنے والی کمپنی اوشین گیٹ کے چیف ایگزیکیٹو سٹاکٹن رش بھی شامل ہیں۔
ہمیش ہارڈنگ نے سفر کے آغاز سے قبل سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ وہ ٹائٹینک کے ملبے تک جانے والے مشن کا حصہ بن رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس آٹھ دن کے سفر کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر کا ٹکٹ خریدا جاتا ہے اور سمندر کی تہہ میں 3800 میٹر تک اتر کر ٹائٹینک کے ملبے کا نظارہ کیا جاتا ہے۔
پاکستان کے ایک بڑے کاروباری خاندان کے رکن اور برطانیہ میں ’پرنس ٹرسٹ چیریٹی‘ کے بورڈ ممبر شہزادہ داؤد اور اُن کے بیٹے سلیمان بھی اُس لاپتہ آبدوز میں سوار ہیں۔ داؤد فیملی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے بیٹے شہزادہ داؤد اور اُن کے بیٹے سلیمان نے بحر اوقیانوس میں ٹائیٹینک کی باقیات کو دیکھنے کے لیے سفر کا آغاز کیا تھا۔ فی الحال، اُن کی سب میرین کرافٹ (چھوٹی آبدوز) سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے اور اس کے بارے میں دستیاب معلومات محدود ہیں۔ متعدد سرکاری ایجنسیوں اور گہرے سمندر میں کام کرنے والی کمپنیوں کی قیادت میں ایک مشترکہ کوشش کی جا رہی ہے تاکہ آبدوز سے رابطہ بحال کیا جا سکے اور انھیں بحفاظت واپس لایا جا سکے۔‘
داؤد خاندان کا شمار پاکستان کے امیر ترین خاندانوں میں ہوتا ہے لیکن ان کے برطانیہ کے ساتھ بھی گہرے روابط ہیں۔ شہزادہ داؤد اینگرو کارپوریشن کے نائب چیئرمین ہیں۔ یہ کمپنی کھاد، کھانے پینے کی اشیا اور توانائی کے شعبے میں کام کرتی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ داؤد پاکستان میں پیدا ہوئے تھے لیکن بعد میں برطانیہ منقتل ہو گئے جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف بکنگھم سے شعبہ وکالت میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے گلوبل ٹیکسٹائیل مارکیٹنگ میں فلاڈیلفیا یونیورسٹی سے ایم ایس سی بھی کر رکھی ہے۔
بحرِ اوقیانوس میں لاپتہ آبدوز کی تلاش کا کام پیر اور منگل کی درمیانی شب بھی جاری رہا تاہم اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔