پاکستان میں موجودہ مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 21 فیصد کی کمی
پاکستان میں موجودہ مالی سال کے پہلے 11 مہینوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 21 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق زیرجائزہ مہینوں میں پاکستان میں ایک ارب 32 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی جو گزشتہ مالی سال کے ان مہینوں میں ایک ارب 66 کروڑ ڈالر تھی۔
سٹیٹ بینک کےمطابق مئی کے مہینے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں چھ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکوں میں چین سر فہرست رہا تاہم 11مہینوں میں اس کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
امریکہ اور فرانس سے آنے والی سرمایہ کاری میں بالترتیب 73 فیصد اور 21 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم پاکستان میں برطانیہ سے آنے والی سرمایہ کاری میں 10 فیصد اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے سے سرمایہ کاری میں 15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔