بلوچستان: پولیس اسٹیشن، لیویز چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اور پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی بلال شبیر نے بتایا کہ اتوار کی رات 12 بج کر 5 منٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں پولیس اسٹیشن اور ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے دہشت گردوں کو ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے کر جانے میں کامیاب ہوگئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے دانہ سر اور دیگر علاقوں میں ناکہ بندی کردی ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی میتیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہیڈکوارٹرز ژوب منتقل کردی گئیں جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد کی لاش کو محکمہ انسداد دہشت گردی کے حوالے کردیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب دانہ سر میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سول ہسپتال ژوب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر دولت خان نے کہا کہ عید اور اتوار کی چھٹی کے باوجود تمام ڈاکٹروں اور عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے واقعے کے خلاف شیرانی میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ بند کردی جس کی وجہ سے زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں تاخیر ہوئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھانہ سر کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے اور فائرنگ کی مذمت کی۔ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے حملے میں 3 پولیس اور ایک ایف سی اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور زخمی اہلکاروں کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں سول لائن تھانے پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔
ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ زوہیب محسن نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے وائٹ روڈ سے سول لائن تھانے پر دستی بم پھینکا، جو تھانے کے گیٹ کے قریب گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار صبور اچکزئی زخمی ہوا۔