پھر اقتدار ملا تو مہنگائی پر قابو پائیں گے: نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئے تو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کام کریں گے۔
نواز شریف نے یہ باتیں دبئی میں خلیجی ممالک سے آنے والے مسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کے دوران کہیں۔ گزشتہ برس اپریل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اقتدار میں آنے کے بعد مہنگائی میں اضافہ ہونا شروع ہوا تھا۔
اسحاق ڈار سے قبل اُس وقت کے وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے عالمی مالیاتی ادارے کی پیشگی شرائط کے تحت غیر مقبول فیصلے کیے جن میں عمران خان کی سابق حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈیز کو بھی واپس لینا شامل تھا، جس کے سبب مہنگائی میں اضافہ شروع ہوا،
اسحاق ڈار نے قیمتوں میں کمی کے وعدے کے ساتھ عہدہ سنبھالا تو اگست میں مہنگائی پہلے ہی 27 فیصد سے تجاوز کر چکی تھی۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد 28 ستمبر کو انہوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ہم مہنگائی پر قابو پائیں گے۔
تاہم کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق مہنگائی میں اضافہ جاری رہا۔ تازہ ترین اعداد و شمار مئی میں جاری کیے گئے تھے، جن کے مطابق مہنگائی 38 فیصد کی ریکارڈ شرح پر پہنچ چکی ہے۔
نواز شریف نے اتوار کو بتایا کہ ان کی جماعت عوام کو درپیش تمام مسائل پر قابو پائے گی۔ ان کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت متحدہ عرب امارات میں عام انتخابات کے پس منظر میں ملاقاتیں کر رہی ہے، جو رواں برس کے آخر میں متوقع ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فریقین نے کئی معاملات پر اتفاق کیا ہے، جن میں نگران سیٹ اپ کے نام اور اگر دونوں جماعتیں انتخابات جیت جاتی ہیں تو اقتدار کی تقسیم کا فارمولا شامل ہے۔ نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سمیت دونوں جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں نے دیگر چیزوں کے علاوہ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے ایک سے زائد مرتبہ ملاقات کی۔
روزنامہ ڈان کے مطابق ان ملاقاتوں میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی شرکت کی۔
دریں اثنا وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اقتصادیات اور توانائی بلال اظہر کیانی نے اتوار کو بتایا کہ ملک کو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔