رات گئے آرڈیننس کے ذریعے نیب قانون میں ترمیم
قائم مقام صدر مملکت اور سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے ایک آرڈیننس کے ذریعے قومی احتساب بیورو کے قانون میں ترامیم کی ہیں۔ اب عدم تعاون پر مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاسکے گا۔
صادق سنجرانی کے دستخط کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’سمری کے پیرا 6 میں وزیر اعظم کا مشورہ منظور کرلیا گیا ہے۔ قومی احتساب (ترمیمی) آرڈیننس 2023 پر دستخط کرکے اسے نافذ کردیا گیا ہے‘۔
نصف شب کے قریب دستخط کیے گئے آرڈیننس میں جسمانی ریمانڈ کی مدت بھی 15 روز سے بڑھا کر 30 روز کر دی گئی ہے۔ حالانکہ موجودہ حکومت کی جانب سے قومی احتساب آرڈیننس 1999 میں کی گئی حالیہ ترمیم کے تحت جسمانی ریمانڈ کی مدت 90 روز سے کم کر کے 14 روز کی گئی تھی۔
نیب قانون میں اچانک ترمینم کو تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔