اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر کے ایک ماہ کے اندر تحلیل ہوجائیں گی: وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے اندر اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرکے تحلیل ہوجائیں گی۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتیں عام انتخابات کے لیے مشترکہ امیدوار لانے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا لائحہ عمل اپنائیں گی۔ قوم کو اپنا حق رائے دہی دینے کاموقع ملے گا اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے آنے والے حکمرانوں کا انتخاب کریں گے۔ پچھلے چودہ ماہ سے مخلوط حکومت چل رہی ہے جس کی مدت ایک ماہ میں پوری ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس چوائس تھی کی فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل کردیتے مگر اس سے معیشت مزید تباہ ہوجاتی۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے سے چودہ ماہ قبل ہی ملک ڈیفالٹ ہوجاتا، اللہ کی ذات نے اسباب پیدا کرکے ہمیں معاشی استحکام کی طرف بڑھایا اور ہمیں مہلت ملی ہے کہ اگلی منتخب اور نگران حکومت کیلئے معاشی نظم و ضبط قائم کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس چوری ہوتی ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک کبھی مستحکم نہیں ہوگا، ایسے شہر بھی ہیں جہاں پچیاسی فیصد تک بجلی و گیس چوری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک اس لیے کامیاب ہوئی کہ پی ٹی آئی نے دوستوں کا بھی لحاظ نہ رکھا۔ ہم نے پی ٹی آئی کے دوستوں کو عدم اعتماد میں استعمال نہیں کیا بلکہ ان کے اتحادیوں کے ذریعے عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنائی۔