سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بنک میں جمع کروادیے: وزیر خزانہ

  • منگل 11 / جولائی / 2023

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان  کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ موصول ہوگئے ہیں۔

ایک مختصر نیوز کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2 ارب ڈالر کا ڈپازٹ پاکستان کو دیں گے۔ اب یہ کریڈٹ اسٹیٹ بینک کے پاس آچکا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ رقم کی اس آمد سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے اور یہ 14 جولائی 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی عرب کی قیادت بالخصوص خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی آنے والے دنوں میں مزید اچھی پیش رفت ہوں گی اور پاکستان کے معاشی معاملات میں اب استحکام سے بہتری کی جانب سفر ہوگا۔

اس پیش رفت پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی جانب سے وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 2 ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے پر سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے شکر گزار ہیں۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے مالیاتی معاونت یقینی بنانے پر وہ بالخصوص اپنے بھائی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے معاونت کی فراہمی سے پاکستان کی اقتصادی بحالی و بہتری کے ضمن میں برادر ممالک اور عالمی برادری کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے فنڈ پروگرام کی تجدید میں تاخیر کی مختلف وجوہات میں سے ایک دوست ممالک سے کریڈٹ کی ضمانت ملنا بھی تھی۔ سعودی عرب نے پہلے ہی پاکستان کو رقم دینے کا وعدہ کر رکھا تھا اور اسے جمع کرانے سے پہلے آئی ایم ایف کی جانب سے معاہدے کے اعلان کا انتظار کیا۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا جس میں پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹس کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے لیے گزشتہ ہفتے عملے کی سطح کے معاہدے کو حتمی شکل دی گئی تھی۔