لاہور: مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق
لاہور کے علاقے اندرون بھاٹی گیٹ کے علاقے میں مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بدھ کی صبح پیش آئے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے بتایا کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق محکمے کو رات 2 بج کر 32 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو سروس نے 33 ریسکیو رضا کار اور 11 گاڑیاں جائے حادثہ کی جانب روانہ کیں۔
لاہور بھاٹی گیٹ کے علاقے محلہ سمیاں، نزد فیملی پارک ٹیکسالی، والڈ سٹی کے انتہائی گنجان آباد علاقے میں واقع 2 مرلے کے گھر کی دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے سارے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کہ جاں بحق ہونے والوں میں 5 نوجوان شامل ہیں جب کہ مرنے والوں میں ایک چار سالہ اور ایک سات ماہ کا بچہ بھی شامل تھا۔
ریسکیو سروس نے بتایا کہ بعد میں آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں 33 ریسکیورز اور 11 گاڑیوں نے حصہ لیا، گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کے باوجود بہت کم وقت میں آپریشن مکمل کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور میں گھر میں آتشزدگی کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد کے موت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔