پاکستان میں مزید 5.6 ارب ڈالر کی فنڈنگ متوقع ہے: بلوم برگ
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا نیا سرمایہ فراہم ہوسکتا ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان مشن کے سربراہ نیتھن پورٹر نے کہا ہے نئی فنڈنگ میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے کیے گئے 3.7ارب ڈالر کے معاہدے بھی شامل ہیں۔
آئی ایم ایف کا معاہدہ اس وقت ہوا جب پاکستان کو زرمبادلہ کے گرتے ہوئے ذخائر، اسٹاک مارکیٹ کی ابتر صورتحال اورمہنگائی جیسے مسائل درپیش تھے۔
اس د وران وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹلینا جورجیوا سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ماضی کی پیدا کردہ بداعتمادی کی وجہ سے تحفظات تھے۔ مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف وعدوں کو پورا کریں گے۔ آپ نے پیرس میں ملاقات میں معاہدہ پورا کرنے کی دانش مندی اور عزم دکھایا اور جو لیڈرشپ دکھائی ، وہ لائق تحسین اور قابل تعریف ہے۔
کرسٹلینا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اب مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد استوار ہوچکا ہے۔ پاکستان آئی ایم ایف کا اہم رکن ہے اور پاکستان کی ہر ممکن حد تک مدد کرتا رہے گا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیراعظم سے قریبی رابطے میں رہنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ میں نے آج صبح بھی اپنی معاشی ٹیم سے ملاقات کرکے واضح کیا کہ معاہدے کی ذرا سی خلاف ورزی بھی برداشت نہیں کروں گا۔ 12 اگست تک ہماری حکومت ہے، پھر نگران حکومت آجائے گی، جو معاہدے کا احترام جاری رکھے گی۔ الیکشن کے بعد عوام نے اگر ہمیں منتخب کیا تو آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کو ٹرن اراﺅنڈ کردیں گے۔