نواز شریف پھر موقع ملا تو پاکستان کا نقشہ بدل دیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر قوم نے آئندہ الیکشن میں نواز شریف کو موقع دیا تو میں آج آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ نواز شریف، میں اور ہماری پوری ٹیم مل کر ہم پاکستان کا نقشہ بدل دیں گے۔ ملک کو ترقی و خوشحالی کے دور میں لے کر جائیں گے۔
لاہور میں وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں میں چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے چیلنج ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔ اسی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پروگرام نہ ہوتا تو روپیہ کی قدر بہت کم ہوجاتی۔ اور ہماری معاشی صورتحال طلاطم کا شکار ہوتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں ہے۔ یہ بہت چیلنجگ پروگرام ہے۔ اگر ہم نے معاشی اصلاحات کیں، انقلابی اقدامات اٹھا کر، جرات مندانہ فیصلے کرکے آگے بڑھے تو پاکستان کی معاشی ترقی آپ کے قدم چومے گی۔ اس کی ذمے داری مجھ سمیت ملک کی اشرافیہ پر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو پانامہ میں اقامہ پر سزا دی گئی۔ کسی نے نواز شریف کی شنوائی نہیں کی کہ کتنا ظلم کیا جا رہا ہے کہ پانامہ میں نواز شریف کا نام نہیں ہے اسے نا اہل کیا جا رہا ہے۔ سابق دور کے اقدامات اب قصہ پارینہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی قیادت میں 72 سال کا ہونے والا ہوں۔ میں نواز شریف سے صرف سال بھر چھوٹا ہوں لیکن میں ان کو اپنے باپ کی جگہ سمجھتا ہوں۔ وہ میرے لیڈر ہیں، ان کی جرات کے ساتھ پیروی کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ قوم کا فیصلہ ہے کہ اس نے کس کو ووٹ دینا ہے۔ لیکن فیصلہ آپ نے حقائق کو دیکھ کر کرنا ہے تو وہ فیصلہ پاکستان کو بہت آگے لے جائے گا۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ نواز شریف کو یا مجھے ووٹ دیں۔ میں یہ کہہ رہا ہوں کہ ان پیش کیے گئے حقائق کو ٹھنڈے دل سے دیکھیں اور عمران نیازی کے دور میں ہوئی 4 سالہ تباہی کو بھی دیکھ لیں۔
ماضی میں سامنے آنے والے اسکینڈلز کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ حقائق ہیں جن کی بنیاد پر آپ نے فیصلہ کرنا ہے جنہیں کوئی گیا گزرا شخص بھی جھٹلا نہیں سکتا۔ ان ہی کی بنیاد پر آپ نے فیصلہ کرنا ہے اور آپ جو بھی فیصلہ کریں گے، جو کو بھی آپ آگے لے کر آئیں گے، ہم اسے تسلیم کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر آپ نے آئندہ الیکشن میں نواز شریف کو موقع دیا تو میں آج آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ نواز شریف، میں اور ہماری پوری ٹیم مل کر ہم پاکستان کا نقشہ بدل دیں گے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کے دور میں لے کر جائیں گے۔ فیصلہ آپ نے کرنا ہے، سر تسلیم ہم نے خم کرنا ہے۔
نوازشریف کو اقتدار سے کیوں محروم کیا گیا آج یہ بات کوئی راز کی بات نہیں ہے۔ انہیں اقتدار سے اس لیے نکالا گیا کیونکہ انہوں نے طویل لوڈ شیڈنگ لوڈشیڈنگ ختم کی، نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف یا کوکین نہیں بلکہ لیپ ٹاپ اور روزگار کے لیے قرضے دیے تھے۔
وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم باصلاحیت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر کم سود والے قرض کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے اس اسکیم میں ان کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔