دیامر میں بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے تھلیچی کے قریب شاہراہ قراقرم پر سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 12 سیاح زخمی ہوگئے۔
دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ریسکیو میں مدد کی۔ ہائی روف گاڑی لاہور سے گلگت آرہی تھی جس میں 18 سیاح سوار تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہنزہ میں ایک بس حادثہ میں 5 سیاح جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ ایک حادثے میں ایک وین کھائی میں جاگری تھی اور دوسرے حادثے میں وین پہاڑ سے ٹکرا گئی تھی۔ گزشتہ ماہ اپر دیر سے چترال جانے والی ڈاٹسن گاڑی کھائی میں گرنے سے 2 بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دیامر کے بس حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔ انہوں نے بس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی دیامر بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔