اسلام آباد میں شدید بارش کے دوران دیوار گرنے سے 11 افراد ہلاک

  • بدھ 19 / جولائی / 2023

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب سو فٹ اونچی دیوار گرنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ قائد اعظم ہسپتال اور زیرِ تعمیر انڈر پاس کے قریب ہوا۔ اطلاعات کے مطابق مزدور خیمہ لگا کر سو رہے تھے جن پر بارش کے دوران دیوار گِر گئی۔ ہلاک شدگان میں مزدوروں کے علاوہ ایک 11 سال کی بچی بھی شامل ہے۔

ریسکیو 1122 کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے گیارہ لاشیں نکال لی ہیں اور مزید لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو حکام نے ملبے سے پانچ زخمیوں کو زندہ نکالا ہے مگر مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دریں اثنا راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کر گئی ہے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاکستانی فوج کے دستے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ’رین ایمرجنسی‘ کے پیش نظر پاکستانی فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہیں گے۔