باڑہ بازار میں تھانے کے قریب دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید

  • جمعرات 20 / جولائی / 2023

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے باڑہ بازار تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے جب کہ متعدد پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کی جانچ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل حیات آباد میڈیکل کمپلیکس  کی ترجمان نے کہا تھا کہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 7 پولیس اہلکار اور 2 شہری شامل ہیں۔

دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ 3 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے 2 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جن میں سے ایک شدید زخمی شخص کو مزید علاج کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔

جیو نیوز کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات نے بتایا ہے کہ پولیس کمپاؤنڈ پر 2 خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا تھا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ دونوں حملہ آور کی جانب سے فائرنگ اور دھماکے کیے گئے، دھماکے کی وجہ سے بلڈنگ اور مرکزی گیٹ کو نقصان پہنچا۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضا کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے حملے کی سختی سے مذمت کی اور پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے بہادر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہوں، دہشت گردی کا قلع قمع کر کے ہی دم لیں گے۔