پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لئے امریکی وزیر خارجہ کی یقین دہانی
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں نے پاکستان کی معاشی بحالی اور افغانستان سمیت مشترکہ علاقائی خدشات پر امریکا کی حمایت پر تبادلہ خیال کیا۔
انٹونی بلنکن نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ تعمیری، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کا خواہاں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت کی نشاندہی کی اور امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے تعمیری طور پر مصروف عمل رہنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی تاکہ امریکا اور پاکستان کی تعمیری شراکت داری کی تصدیق کی جاسکے۔ سیکریٹری انٹونی بلنکن نے پاکستان کے عوام کے ساتھ امریکا کے تعاون میں ثابت قدمی پر زور دیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکا، تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات اور مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ عالمی مالیاتی فنڈ کے معاہدے کی منظوری کا بھی خیر مقدم کیا اور معاشی بحالی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی۔
میتھیو ملر نے کہا کہ انٹونی بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ اقدار اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔
امریکی سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے حملوں کے سبب بھاری نقصان اٹھایا ہے۔ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے غیر مستحکم اثرات کے ساتھ ساتھ پُرامن اور مستحکم افغانستان میں امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے گزشتہ روز راولپنڈی میں جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔