سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے: وزیراعظم

  • سوموار 31 / جولائی / 2023

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک  چین اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک  چین اقتصادی راہداری کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔ سی پیک معاہدے پر دستخط آج سے 10 برس قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہوئے تھے اور اس کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اس پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا تھا۔

اس معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفرااسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی۔ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے ہو رہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کیے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے۔ یہ بزنس ٹو بزنس، سرمایہ کاری، زراعت اور آئی ٹی پر مرکوز ہوگا تاکہ چین کے تعاون سے پاکستان اپنی مصنوعات چینی حکومت کے معیار اور ضروریات کے مطابق برآمد کرسکے۔ میں چین کے نائب وزیراعظم کو بطور خصوصی سفیر پاکستان بھیجنے پر شی جن پنگ کا شکر گزار ہوں۔ اس سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ چین اور پاکستان ایک ایسے تعلق میں جڑے ہیں جو دنیا میں منفرد ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی اور اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

بعدازاں صدر مملکت عارف علوی نے اسلام آباد کے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سرمایہ کاری کی تقریب کے دوران چین کے نائب وزیر اعظم کو پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہلال پاکستان (کریسنٹ آف پاکستان) سے نوازا۔ چینی نائب وزیراعظم کو یہ ایوارڈ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب سے قبل چین اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔