سیشن عدالت توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے پر دوبارہ فیصلہ کرے: اسلام آباد ہائیکورٹ

  • جمعہ 04 / اگست / 2023

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن عدالت کو  ہدایت کی ہے کہ وہ توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے کے معاملے پر دلائل سن کر دوبارہ فیصلہ کرے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست پر توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے۔

ہائیکورٹ نے کیس دوسری عدالت منتقلی کی درخواست مسترد کردی ہے اور اس کے فیصلے کے تحت توشہ خانہ کیس ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور ہی سنیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حق دفاع بحال کرنے کی درخواست پر آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔ دوسری عدالت میں کیس منتقل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمرا ن خان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقابل تردید شواہد اور غیر معمولی حالات کی پیش نظر ہی مقدمہ دوسری عدالت میں منتقل کیا جاتا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اگر عام حالات میں مقدمات ایک عدالت سے دوسری عدالت میں منتقل ہونا شروع ہوگئے تو اس سے نہ صرف عدلیہ کا وقار تباہ ہو جائے گا بلکہ لوگوں کو یہ موقع مل جائے گا کہ وہ ایسے معاملات کو عدالتوں میں لے کر جائیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ اگر کسی مقدمے کا ٹرائیل تیزی سے چل رہا ہو تو یہ اس بات کی نشاندہی نہیں کرتا کہ جج جابندار ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں ہمایوں دلاور کی سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا جس کے ردعمل میں عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کے فیس بُک اکاؤنٹ پر مبینہ پوسٹیں ایف آئی اے کے مطابق جعلی ہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو معاملے کی مزید تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ایڈشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے سابق وزیر اعظم کے خلاف توشہ خانہ کی سماعت شروع کی تو الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو کے کیس میں یہ فیصلہ دیا ہے کہ اگر ٹرائل کورٹ میں مقدمہ دوبارہ بھیجا جائے تو عدالت ان معاملات کو اپنے حتمی فیصلے میں نشاندہی کرے گی جو مقدمہ دی ریمانڈ ہونے کے بعد سامنے آئے ہوں۔

عدالت نے عمران خان کے وکلا کی ٹیم کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سنیچر کے روز مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں موجود ہوں۔

اس دوران سپریم کورٹ میں عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل روکنے کے لیے حکم امتناع دینے کی اپیل پر سماعت میں درخواست نمٹاتے ہوئے عدالت نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ ہائی کورٹ اور سیشنز کورٹ قانون کے مطابق فیصلے کریں گی۔