الیکشن کمیشن کا عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کا فیصلہ

  • سوموار 07 / اگست / 2023

توشہ خانہ کیس میں سزا ملنے کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہؤا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے حکام اور ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت سے توشہ خانہ کیس میں سزا ملنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سزا یافتہ ہونے پر اب عمران خان پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔ اس لیے الیکشن کمیشن اب قانونی طور پر عمران خان کو پارٹی کی چیئرمین شپ  سے برطرف کرنے کا حکم جاری کرے۔

اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کے پولیٹکل فنانس ونگ نے فائل تیار کرنا شروع کردی ہے اور کچھ دیر بعد اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔

دریں اثنا اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج پر حکام کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں غور کیا گیا کہ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی یا نہیں۔ الیکشن کمیشن مردم شماری کے بعد آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کررہا ہے۔ اس حوالے سے قانونی ٹیم نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی۔