اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت بدھ کو ہو گی

  • منگل 08 / اگست / 2023

توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان کی اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہے اور اس اپیل پر سماعت بدھ کو  ہوگی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ عمران خان کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری اس بینچ کا حصہ ہوں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا  دو رکنی بینچ بدھ کے روز اس اپیل کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے ان کے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج دلاور ہمایوں کی جانب سے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، جس میں توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں اپیل کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے اور درخواست گزار یعنی عمران خان کو ضمانت پر رہائی دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

اس دوران عمران خان کی اٹک جیل میں حراست کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعتراضات دور کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس درخواست پر بدھ کے روز نمبر لگنے کے بعد یہ دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہو گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ عمران خان کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات دینے اور ان کا طبی معائنہ ڈاکٹر فیصل سے کروانے اور اپنی اہلیہ اور وکلا سے ملاقات کروائی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اٹک جیل میں حراست کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔

عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل شیرافضل مروت عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور ان کی طرف سے دیا گیا پاور آف اٹارنی عدالت کے سامنے پیش کیا۔ وکیل شیر افضل مروت نے دلائل میں کہا کہ جیلوں کے حوالے سے رولز موجود ہیں جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جو قانون قاعدہ ہو گا بتا دیجئے گا اس کے مطابق آرڈر کر دوں گا۔

عمران خان کے وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی اہلیہ اور ان کے وکلاء کو ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا بھی کی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ جو وکلا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملنا چاہتے ہیں ان میں سے دو تین نام بھی بتا دیں، اسی لحاظ سے آرڈر کر دیں گے۔