ناروے کے قومی فلمی ایوارڈز 19 اگست کو دیے جائیں گے
- تحریر ٹونی عثمان
- جمعہ 11 / اگست / 2023
ناروے کے قومی فلمی ایوارڈ اماندا کی تقریب 19 اگست کو منعقد ہو گی اور بائیس مختلف کیٹیگریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔
ایوارڈز کے لئے زیر غور وہ چالیس نارویجئن فیچر اور دستاویزی فلمیں ہیں جن کا گزشتہ سال یکم جولائی اور اس سال تیس جون کے درمیان نارویجئن سنیما میں پریمیئر ہو چکا ہے۔ فلم میکینگ کے بائیس مختلف زمرے، جن میں بہترین کاسٹیومز، بہترین میک اپ، بہترین سیٹ/پروڈکشن ڈیزائن، بہترین ساؤنڈ ڈیزائن، بہترین اسکرین پلے اور بچوں کے لیے بہترین فلم وغیرہ شامل ہیں، میں شاندار کارکردگی کرنے والوں کو اماندا ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ بہترین مختصر فلم کا ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔ ایوارڈز کی تقریب کو ہر سال کی طرح اس بار بھی ناروے کے سرکاری ٹی وی چینل این آر کے پر براہ راست دکھایا جائے گا ۔
اماندا ایوارڈز کا مقصد فلموں کے معیار کو بہترکرنا اور نارویجئن سنیما کلچر میں دلچسپی کو فروغ دینا ہے۔ یہ ایوارڈز وزارت ثقافت کے ماتحت کام کرنے والے ادارے نارویجئن فلم انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے نارویجن فلم فیسٹیول کے زیر اہتمام ناروے کے شہر ہاوگیسُند میں ہر سال اگست کے مہینے میں دیے جاتے ہیں۔
یہ ایوارڈز پہلی بار 1985 میں دیے گئے تھے اور شروع میں یہ فلم اور ٹیلی ویژن دونوں کے لئے ایک مشترکہ ایوارڈ تھا مگر 2005 سے یہ خالص فلمی ایوارڈ ہے اور اس کا اطلاق صرف فلمی صنعت سے وابستہ پیشوں پر ہوتا ہے۔ ایوارڈز کے فاتحین میں سے ہر ایک کو 30 سینٹی میٹر اونچا اور اڑھائی کلو گرام وزنی کانسی کا مجسمہ اور ایک ڈپلومہ دیا جاتا ہے۔ شروع میں مجسمہ 10 کلو گرام وزنی ہوتا تھا اور وصول کندگان کے لئے اسے سنبھالنا مشکل ہوتا تھا۔ اس لیے اسے موجودہ سائز تک کم کر دیاگیا۔
فلمی صنعت سے وابستہ افراد پر مبنی ایک جیوری غور و خوض اور مباحثے کے بعد پہلے ہر کیٹیگری کے لئے تین امیدوار نامزد کرتی ہے جن کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا جاتا ہے۔ بعد میں جیوری کے اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے فاتح کا فیصلہ کرتے ہیں۔
جیوری کے اجلاسوں میں نہ صرف یہ بحث ہوتی ہے کہ کون سی فلم کیوں معیاری سمجھی جائے بلکہ ’معیار‘ کی تعریف کے متعلق صحت مند مباحچ بھی ہوتے ہیں۔ تاہم کیٹیگریز میں ردوبدل کرنا جیوری کے مینڈیٹ میں نہیں ہے۔
اس سال کی 15 اراکین پر مشتمل جیوری میں ایک رکن پاکستانی نژاد اداکار اور ڈرامہ نگار ٹونی عثمان ہیں۔ وہ گزشتہ سال بھی جیوری کے رکن تھے۔