الیکشن کمیشن بروقت انتخابات منعقد کروائے: پیپلز پارٹی کا مطالبہ

  • ہفتہ 19 / اگست / 2023

پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے ایک بیان میں کیا ہے۔

اس بیان میں شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں میں چار ماہ لگیں گے۔ یہ اعلان ہمارے لئے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے۔

اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا۔ پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی ​​مردم شماری کے تحت انتخابات کی توثیق کی تھی اور اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیلی نہیں ہوں گی۔

شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر جائز تحفظات کے باوجود، ہم نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔ چونکہ موجودہ قومی اور صوبائی نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی۔ اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی، جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔  الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔