سائفر معاملہ پر شاہ محمود قریشی کے بعد اسد عمر بھی گرفتار

  • اتوار 20 / اگست / 2023

پاکستان تحریک انصاف  کے سابق سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی سائفر گمشدگی کے معاملے میں اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسد عمر کو سائفر کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم  ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، باضابطہ گرفتار نہیں کیا۔

پی ٹی آئی نے اسد عمر کو اسلام آباد سے گرفتار کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایف آئی اے ترجمان نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کی گرفتاری کی تردید کی۔ یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جنہیں آج مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے کے وکیل نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے تاہم ملزم کے وکیل نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نے سائفر کی تحقیقات کے سلسلے میں تفتیشی ٹیم سے مکمل تعاون کیا ہے۔ عدالت نے ایک روز کا ریمانڈ دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق ان پر مبینہ طور پر سائفر غائب کرنے اور اس کے مندرجات کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرنے پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی پر سائفر میں موجود اطلاعات غیر مجاز افراد تک پہنچانے کا الزام ہے۔ سابق وزیر خارجہ کے خلاف درج مقدمے میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ پانچ اور نو لگائی گئی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف ایف آئی آر 15 اگست کو درج کی گئی تھی اور اس کے متن کے مطابق انھوں نے ’سائفر میں موجود اطلاعات غیر مجاز افراد تک پہنچائیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔

اس دوران سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا سائفر معاملے میں بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے توشہ خانہ کیس کے بعد سائفر معاملے میں حقائق  بیان کئے ہیں۔ اعظم خان کا بیان بدھ کے روز ریکارڈ کیا گیا۔

اعظم خان کے بیان کے بعد ہی ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت درج ایف آئی آر میں گرفتاریاں شروع کیں۔ شاہ محمود قریشی گرفتار ہیں۔ اسد عمر کی گرفتاری  پرایف آئی اے حکام خاموش ہیں۔ انسداد دہشگردی ونگ ایف آئی اے میں درج آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر میں اسد عمر اور اعظم خان کے کردار کا تعین تفتیش میں کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق شاہ محمود قریشی کی  گرفتاری 15 اگست کو ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ اسلام آباد میں سائفر گمشدگی کے حوالے سے درج مقدمے میں کی گئی۔