پنڈی بھٹیاں کے قریب بس حادثہ، آتشزدگی سے 16 مسافر جاں بحق

  • اتوار 20 / اگست / 2023

صوبہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹروے پر مسافر بس کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں آگ لگنے سے 16 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی۔ حادثہ صبح ساڑھے 4 بجے پیش آیا، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او حافظ آباد کے مطابق ڈیزل سے لدی پک اپ سے مسافر بس جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ بس اور پک اپ کے ڈرائیور بھی حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

10 شدید زخمی مسافروں کو فیصل آباد کے ہسپتال منتقل کیاجارہاہے۔  زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے 15 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ موٹروے پولیس نے حادثے کے لیے معلوماتی ڈیسک اور ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا ہے۔ جائے حادثہ پر ٹریفک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سلطان علی خواجہ نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے ایک بیان میں آئی جی سلطان علی خواجہ نے کہا کہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔