گزشتہ حکومت کی پالیسیاں جاری رکھیں گے: نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آئین کے تحت نگراں حکومت مختصر مدت کے لیے آئی ہے۔ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔
کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ معمول کی پالیسیوں پرعمل پیرا رہیں گے۔ قواعد وضوابط کی سنگین کی خلاف ورزی کی صورت میں مداخلت کا اختیار ہے۔ ہماری بنیادی ذمہ داری انتخابات کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے۔ نگراں حکومت کے پاس روزمرہ امورچلانےکا اختیار ہے۔ تمام وزرا اپنی اپنی وزارتوں سےبریفنگ لیں۔ آئندہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا فیصلہ بریفنگ کی بنیادپرہوگا۔ ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت عبوری وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں انہوں نے وفاقی کابینہ کو اپنے جڑانوالہ دورے سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں انتہاپسندی اور مذہبی کشیدگی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان میں موجود اقلیتوں کا تحفظ ریاست کے اولین فرائض کا حصہ ہے۔ جڑانوالہ کے واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے گی۔
کابینہ نے آئندہ ہفتے قومی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کانفرنس میں بین الاقوامی سطح کے مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے علما کو مدعو کیا جائے۔ کانفرنس پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر مالی سال2023-24 کے لیے دیت کی رقم جو 30,630 گرام چاندی کے برابر ہوتی ہے کو 67 لاکھ 57 ہزار 902 روپے مقرر کردیا۔