جنوبی وزیرستان دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ میں پاک فوج کے 6 جوان شہید
خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ مؤثر کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جنوبی وزیرستان کے علاقے عسمان منزہ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 6 بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے شائبے کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے شروع میں سیکیورٹی فورسز نے اسی طرح کی ایک کارروائی 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب کو شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کی تھی اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔