چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات نہیں کریں گے:ذرائع الیکشن کمیشن
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ صدر عارف علوی سے ملاقات نہیں کریں گے۔ صدر نے انہیں انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنے کے لئے مشاورت کے لیے بلایا تھا۔
صدر کے چیف الیکشن کمشنر کو بھیجے گئے خط کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت منعقد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن صدرِ مملکت کو خط کا جواب دے گا اور صدر عارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر ملاقات نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدر مملکت کے خط پر غور کیا گیا ہے۔ صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط میں کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ سے 90 دن سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو بدھ یا جمعرات کو (آج) ملاقات کی دعوت دی تھی۔ البتہ اس سے پہلے ہی الیکشن کمیشن نئی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔ یہ کام دسمبر کے وسط مین مکمل ہوگا۔ قیاس ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا تعین اس کے بعد ہی ہوسکے گا۔