جوہانسبرگ میں آتشزدگی، 70 سے زیادہ ہلاک
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے وسطی علاقے میں ایک عمارت میں رات گئے آتشزدگی کے باعث کم سے کم 73 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 52 زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس عمارت میں زیادہ تر تارکینِ وطن مقیم تھے۔
حکام کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے اس پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ کیا تھی۔ مبینہ طور پر اس عمارت میں بہت زیادہ لوگ رہتے تھے۔ اس کی حالت بہت خراب تھی۔
جوہانسبرگ میں ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ مولاڈزی نے مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن نیوزروم افریقہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پانچ منزلہ عمارت کو کچھ عرصہ قبل خالی چھوڑ دیا گیا تھا تاہم یہاں بے گھر افراد موسمِ سرما کے دوران آباد ہو گئے تھے۔ یہ ایک بوسیدہ عمارت تھی اور آگ بھجانے والا عملہ ہر منزل پر جا کر ملبہ صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیونکہ یہ باقاعدہ رہائشی عمارت نہیں ہے جس کی لیز ہو اس لیے اس عمارت کی باقاعدہ طور پر دیکھ بھال نہیں کی جا رہی تھی اور یہاں ملبے اور عارضی طور پر کی گئی تعمیرات کے باعث لوگوں کو ڈھونڈنا اور انہیں ریسکیو کرنا مشکل ہو گا۔ جنوبی افریقہ کے مقامی میڈیا میں یہ خبر بھی رپورٹ کی جا رہی ہے کہ بری طرح جھلسنے کے باعث اکثر لاشوں کی شناخت مشکل ہو سکتی ہے۔
جنوبی افریقہ کے چینل نیوز روم افریقہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’جو لاشیں ہم نے عمارت سے باہر آتی دیکھی ہیں ان کی شناخت انتہائی مشکل ہے۔ یہ ممکنہ طور پر وہ لاشیں ہیں جو براہِ راست آگ سے جھلسی ہیں۔‘
ہمیں لگتا ہے کہ خاندان کے افراد کے لیے اپنے پیاروں کی شناخت انتہائی مشکل ہو جائے گی۔