بنوں: فوجی قافلے پر خودکش حملہ، پاک فوج کے 9 جوان شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی قافلہ ضلع بنوں میں جانی خیل کے شہری علاقے میں تھا کہ موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود اڑا دیا۔ خود کش حملے کے نتیجے میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 جوانون نے جام شہادت نوش کیا اور 5 زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کر رہی ہیں تاکہ کسی دہشت گرد کی موجودگی کی صورت میں صفایا کیا جائے۔ واقعے کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی اور دکھ کا اظہار کیا۔ ویب سائٹ ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردی کے بزدلانہ واقعے میں 9 بہادر جوانوں کی شہادت اور زخمی ہونے پر صدمہ ہوا ہے۔ اس طرح کے واقعات قابل مذمت ہیں اور شہید اور زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم بھرپور ہے۔
اس سے قبل 22 اگست کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا، جبکہ مؤثر کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔