عمران خان نے کبھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے: وکیل کا دعویٰ

  • اتوار 03 / ستمبر / 2023

اٹک جیل میں قید پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات کرنے کے بعد ان کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے اپنی رہائی کے لیے کسی بھی ڈیل کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے۔

 ہفتے کے روز ملاقات کے بعد جیل کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے کہا کہ عمران خان نے کسی بھی ڈیل کو مسترد کر دیا ہے اور بیرون ملک رہائش اختیار کرنے کے تاثر کو ان کی مقبولیت کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ شعیب شاہین کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ان کے بیرون ملک اثاثے ہیں اور نہ ہی بینک اکاؤنٹس ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے جلد از جلد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو تمام سیاسی، معاشی اور مالیاتی بحرانوں کا حل قرار دیا۔ شعیب شاہین کے مطابق قوم کے نام اپنے پیغام میں عمران خان نے زور دیا کہ عوام اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں۔ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ہتھکنڈوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور 100 سال تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کے لیے تیار ہیں۔

عمران خان کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر اعظم کے خلاف تمام 180 مقدمات سیاسی انجینئرڈ ہیں جن میں سے زیادہ تر مقدمات میں انہیں ضمانت مل چکی ہے۔