پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے: وزیراعظم
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی اور سالمیت کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم ملک کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم نے یہ بیان 1965 کی جنگ کے دوران شہید ہونے والے قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد میں منائے جانے والے 58 ویں یوم دفاع پر جاری کیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ کراچی اور لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کے لیے جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتےہوئے کہا کہ 6 ستمبر کو یوم جذبہ، بہادری، حوصلے اور استقلال کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
یوم دفاع کے حوالے سےقومی یادگار شکرپڑیاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتےہیں اور یہاں یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت کے لیے موجود ہیں کہ ہم اپنے شہدا کو بھولے نہیں ہیں۔ وہ اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم شہداکی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کے مقروض ہیں، اس قرض کی ادائیگی میں جو چھوٹا سانذرانہ ہم پیش کرسکتے ہیں وہ ان کی اور ان کے پیاروں کی تکریم ہے۔ یہی وہ جذبہ ہے جس کا ذکر علامہ اقبال نے بھی اپنے اشعار کے ذریعے کیا۔ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے جس کا اللہ تعالیٰ کےہاں بہت بڑا اجر ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم یہاں مٹی کے ان بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں جنہوں نے قوم کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جنگِ ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر ایک یادگار حیثیت رکھتی ہے۔ آج کے دن ہم امن کے فروغ اور پُرامن بقائے باہمی کی اپنی پالیسی پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور اقوام متحدہ کے پرچم تلے دنیا میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم ان شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاعِ وطن کا فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ہم شہدا کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دے کر ایک مثال قائم کی۔
یوم دفاع و شہدا پرجوائنٹ چیفس آف aسٹاف کمیٹی کے چیئرمین، سروسز چیفس اور ملک کی مسلح افواج نے شہدا، ان کے اہلخانہ اور جنگی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک کی فوجی قیادت نے اس دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر 1965 میں ایک چھوٹی اور بہادر فوج نے لگن، یقین اور پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ عددی لحاظ سے اپنے سے بڑی فوج کو پسپا کردیا۔