الیکشن کمیشن مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے: آصف زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے اور زور دیا کہ ای سی پی آئین کے مطابق الیکشن کروائے۔
واضح رہے کہ یہ بیان چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے 90 دن کے اندر انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے شائع سرکاری نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے بعد 90 دن کی مدت میں انتخابات ممکن نہیں رہا۔
الیکشن کمیشن نے نئی ڈیجیٹل 2023 مردم شماری کے نتائج کے نوٹیفکیشن اور الیکشنز ایکٹ کے سیکشن 17(2) کی بنیاد پر انتخابات کو 9 نومبر سے آگے بڑھانے کے اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن ہر مردم شماری کو باضابطہ طور پر شائع ہونے کے بعد حلقوں کی حد بندی کرے گا۔
ویب سائٹ ایکس پر بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروائے۔ مردم شماری کے بعد الیکشن کمشن نئی حلقہ بندیاں کروانے کا پابند ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران پر ہمیں پورا اعتماد ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے جس کے لیے ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے۔