مراکش: خوفناک زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی

  • اتوار 10 / ستمبر / 2023

مراکش میں گزشتہ روز آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے میں دبے زندہ لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے سرگرم ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آنے والے اب تک کے سب سے طاقتور زلزلے میں کم از کم 2 ہزار 12 افراد ہلاک اور 2 ہزار 59 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔ زلزلہ شہر مراکش سے تقریباً 72 کلومیٹر مشرق میں آیا جس نے دیہی علاقوں کے تمام دیہات کو روند ڈالا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ مراکش شہر اور آس پاس کے علاقوں میں 3 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ فوج اور ایمرجنسی سروسز دور دراز پہاڑی دیہاتوں تک پہنچنے کے لیے بھاگ دوڑ کر رہی ہیں جہاں متاثرین کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ زلزلے کے مرکز کے قریب امیزمیز گاؤں میں امدادی کارکن ملبہ اٹھا رہے ہیں۔ ملبے نے تنگ گلیوں کو مسدود کر دیا ہے۔

حکام نے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ اسرائیل، فرانس، اسپین، اٹلی اور امریکا سمیت کئی ممالک نے امداد کی پیشکش کی ہے۔ انسانی امداد اور زخمیوں کو لے جانے والی پروازوں کے لیے پڑوسی ملک الجزائر (جس کے مراکش کے ساتھ پیچیدہ تعلقات ہیں) نے مراکش کے لیے اپنی 2 سال سے بند فضائی حدود کھول دی ہیں۔

ریڈ کراس نے خبردار کیا کہ اس زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان سے بحالی میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ تنظیم کے ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ حسام الشارکاوی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک یا دو ہفتے کی بات نہیں ہوگی۔ امدادی سرگرمیوں میں اگر سال نہیں تو کئی مہینے ضرور لگیں گے۔