پشاور میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، متعدد زخمی

  • سوموار 11 / ستمبر / 2023

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 6 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ورسک ڈویژن  نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ مچنی سے مہمند رائفل کی گاڑیاں پشاور آرہی تھیں۔ ساڑھے دس بجے مہمند رائفل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دیگر 6 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 2 عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی دھماکا ہوا ہے جس کا پہلے سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔ تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے 7 ایف سی اہلکاروں اور 3 عام شہریوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم نے ورسک روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے پر اظہار مذمت کیا ہے اور دھماکے کے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ محمد اعظم خان نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔