نارویجین پاکستانی خاتون ڈاکٹر رابعہ خان کا اعزاز
- تحریر محمد طارق
- منگل 12 / ستمبر / 2023
سالانہ لادے یارل ایوارڈ ہر سال ایک ایسے فرد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے کوئی ایسا منفرد کام کیا ہو یا خدمات مہیا کی ہوں جس کی وجہ سے مقامی سطح پر عوام کی اجتماعی زندگی، غیر سرکاری رفاعی تنظیموں، تجارت، صنعت ،زراعت کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہو۔ اور مثبت تبدیلی آئی ہو-
سالانہ لادے یارل ایوارڈ مشہور نارویجین تجارتی کمپنی رائی تان REITAN کی طرف سے دیا جاتا ہے- سالانہ لادے یارل ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے متعدد انسان دوست درخواست دیتے ہیں- 2023 میں بھی 3000 لوگوں نے اس ایوارڈ کے لیے درخواست دی- ان 3000 میں سے 200 افراد نے اگلے راونڈ کے لیے کوالیفائی کیا - فائنل راونڈ میں انسانیت کے لئے کام کرنے والے 10 افراد کوالیفائی کر سکے - ان میں 7 نارویجین، ایک نارویجین افغانی عائشہ وولسمل، ایک نارویجین ایرانی کیمیائی ساجدی اور ایک نارویجین پاکستانی ڈاکٹر رابعہ خان شامل تھی -
2023 لادے یارل ایوارڈ کی جیوری 5 افراد پر مشتمل ہے- جس میں ناروے قومی اسمبلی ممبر لندا ہفستاد، ستینے صوفیہ ٹرسٹ کی جنرل سیکرٹری ادا صوفیہ آستے گارد، وکیل لارش نورہیم، پراپرٹی ڈیولپر آمالی رائے تان اور سی او رائے تان کمپنیز اود رائی تان شامل ہیں-
2023 لادے یارل ایوارڈ کی جیوری نے ڈاکٹر رابعہ خان کو 2023 لادے یارل ایوارڈ میں کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رابعہ خان نے انٹرنیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے پلیٹ فارم پر تھورندے لاگ ضلع میں نئے آنے والی تارکین وطن خواتین کو پیشہ ورانہ طریقے سے خدمات مہیا کیں- جس کی وجہ سے سینکڑوں تارکین وطن خواتین کو نارویجین معاشرے کی ثقافت و تہذیب سمجھنے میں مدد ملی - ساتھ ہی ان خواتین کے لیے نارویجین زبان کے کورس، نارویجین لبیر مارکیٹ پر معلومات نے تارکین وطن خواتین کو جلد مقامی زبان سیکھنے اور روز گار حاصل کرنے سے ان خواتین کی زندگیاں آسان ہوئیں۔
رابعہ خان 2004 میں ناروے میں آئی تھیں- 2004 سے رابعہ خان انفرادی طور پر اور رفاہی تنظیم کے پلیٹ فارم سے ضلع تھورندے لاگ میں تارکین وطن خواتین، پناہ گزین خواتین کو مقامی معاشرت، سرکاری اداروں، تعلیم و صحت پر معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے میں مصروف ہیں-
2023 لادے یارل ایوارڈ جیتنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے رابعہ خان نے کہا کہ میں جیوری کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے ہمیں اس قابل سمجھا، کیونکہ ناروے پہنچنے پر نئے تارکین وطن کو علم ، زبان اور ثقافتی اقدار کو جلد نہ سمجھنے سے بہت سی مشکلات اور غلط فہمیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے- ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم معاشرے کی بہتری کے لیے جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ انسانی اجتماعی زندگیوں کے لیے کتنی کارآمد ہیں-
رائے تان کمپنیز کے سی او اود رائی تان نے اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ 2023 کی لادے یارل ایوارڈ یافتہ نے فرد ، معاشرے کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دیا، مختلف تہذیبوں، ثقافتوں کو سمجھنے میں ایک پل کا کردار ادا کیا- رابعہ خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے رائی تان نے کہا کہ رابعہ خان کی مسلسل محنت، لگن نے مقامی معاشرے کی اجتماعی زندگی میں گہرے مثبت اثرات مرتب کیے - ان خدمات کے معاشرے پر مثبت تبدیلی سے نہ صرف لادے یارل ایوارڈ دیا جارہا ہے بلکہ ساتھ ہی ان معاشرتی خدمات کے سلسلے میں 2 ملین نارویجین کراؤن کی انعامی رقم رابعہ خان کو دی جارہی ہے-