جوڈیشل کمپلیکس کیس میں چوہدری پر ویز الٰہی کی ضمانت منظور

  • جمعہ 15 / ستمبر / 2023

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی جوڈیشل کمپلکس میں توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ضمانت منظور کرلی ہے۔

عدالت نے ملزم کے وکیل کو 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔ جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اس مقدمے میں نامزد ملزم نہیں ہیں۔

اس سے پہلے سماعت کے دوران چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل بابر اعوان نے ضمانت کی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی نامزد ملزم نہیں ہیں اور چوہدری پرویز الٰہی کا کوئی کردار نہیں بنتا ہے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی نامعلوم آدمی نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ پولیس نے اس کیس میں کوئی تفتیش نہیں کی۔

پولیس 17 دن کے اندر عبوری چالان جمع کروا سکتی ہے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کی جائے وقوعہ پر کوئی موجودگی ثابت نہیں ہوئی ہے۔ پرویز الٰہی کا احتجاج میں حصہ لینا بھی ثابت نہیں۔  ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس ایف آئی آر میں نامزد تمام ملزمان ضمانت پر ہیں اور جن ملزمان کی ضمانت اس عدالت نے مسترد کی انھیں ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔