ابتدائی حلقہ بندیاں رواں ماہ کے اختتام تک مکمل ہونے کا امکان

  • منگل 19 / ستمبر / 2023

انتخابات کے لیے ابتدائی حلقہ بندیاں رواں ماہ مکمل ہونے کا امکان ہے، جسے آئندہ عام انتخابات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حلقہ بندیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ 26 ستمبر تک کام کو مثبت انداز میں مکمل کریں تاکہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرستیں اگلے دن شائع کی جاسکیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 17 اگست (مردم شماری کے نتائج کے نوٹی فکیشن کے 10 روز بعد) کو جاری کردہ حلقہ بندیوں کے اصل شیڈول کے مطابق ابتدائی مشق 7 اکتوبر کو مکمل کی جانی ہے اور ابتدائی تجاویز 9 اکتوبر کو رپورٹ کے ساتھ شائع ہوں گی۔

یکم ستمبر کو الیکشن کمیشن نے 14 دسمبر کے بجائے 30 نومبر کو یہ عمل مکمل کرنے کے لیے حلقہ بندی کے عمل کے دورانیے کو 14 روز تک کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع پہلے فروری کے وسط میں عام انتخابات کے انعقاد کا امکان ظاہر کر رہے تھے تاہم اب اس پیش رفت کے بعد جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اگلے انتخابات میں استعمال کرنے کے لیے ایک نیا مانیٹرنگ کنٹرول سسٹم قائم کیا ہے جس کے حوالے سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور مرتب کرنے کے طریقہ کار میں بہتری آئے گی۔ حکام نے نشاندہی کی کہ 2013 اور 2018 میں جس طرح کے معاملات سامنے آئے تھے، ان میں بڑا فرق تھا۔ 2018 میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کے حوالے سے جو کچھ ہوا اس سے سبق سیکھا گیا ہے۔

گزشتہ روز نئے قائم ہونے والے الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سینٹر میں بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن کے سیکریٹری عمر حامد خان نے کہا کہ نیا سسٹم چیف الیکشن کمشنر کے وژن کے مطابق بنایا گیا ہے۔ مانیٹرنگ الیکشن سے پہلے اور بعد میں ہوتی ہے۔ سسٹم میں بہتری کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے ڈیٹا اینالسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

جہاں آن لائن کنکشن دستیاب نہیں ہے وہاں آف لائن سسٹم کام کرے گا اور دونوں کی عدم موجودگی میں ہارڈ کاپیوں پر نتائج موصول ہوں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ عام انتخابات سابقہ تمام انتخابات سے مختلف ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری آصف حسین نے کہا کہ الیکشن کے روز متعدد جگہوں سے ڈیٹا آتا ہے، اس سسٹم کو فیڈ بیک دینے اور ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ریٹائرڈ کرنل سعد نے کہا کہ یہ سسٹم 24 گھنٹے کام کرے گا اور آن لائن مانیٹرنگ سینٹر کو صوبائی اور ضلعی سطح پر قائم کیے جانے والے تمام کنٹرول رومز سے منسلک کیا جائے گا۔

یہ سسٹم 200 مانیٹرز سے آن لائن رابطہ قائم کرنا ممکن بنائے گا۔ ووٹرز، امیدوار اور دیگر افراد اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے علاوہ انتخابی مہم کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ نئے رزلٹ کمپائلیشن سسٹم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سسٹم سے انتخابات کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔