سائفر کیس: عمران خان، شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع

  • منگل 26 / ستمبر / 2023

سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی اِن کیمرا سماعت اٹک جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ آج مکمل ہونے پر اٹک جیل میں سماعت ہوئی۔  چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی، لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا بھی موجود تھے۔

بعد ازاں لطیف کھوسہ نے تصدیق کی کہ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع دے دی۔

دریں اثنا سائفر کیس جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا۔ عدالتی عملے نے شاہ محمود قریشی کی حاضری لگائی۔ جس کے بعد شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا گیا کہ اُن کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیت صاف ہے، من صاف ہے، بے قصور ہیں۔ اللہ بے نیاز ہے، وہ جب چاہے دل بدل سکتا ہے، وہ جب چاہے فیصلے پلٹ سکتا ہے۔ پھر بھی اے عدل و انصاف تجھ سے امید پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو الیکشن نہ لڑنے دیا گیا تو الیکشن بے معنی ہو جائے گا۔ الیکشن کی اہمیت ختم ہو جائے گی، پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے۔