سندھ: کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

  • بدھ 27 / ستمبر / 2023

سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

کندھ کوٹ کے علاقے مہوال شاہ میں واقع گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے ان 9 افراد میں 5 بچے، 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئیں۔ ایس ایس پی کندھ کوٹ روحیل کھوسہ نے بتایا کہ کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں تھانہ گھوگھاٹ کی حدود میں علی نواز سبزوئی نامی شخص کے گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے، مزید تفتیش جاری ہے۔

جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال کندھ کوٹ لایا گیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی کشمور کندھ کوٹ نے بتایا کہ بچوں کو گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے راکٹ کا گولہ ملا جسے وہ گھر لے آئے جہاں وہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ سول ہسپتال کندھ کوٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا۔ انہوں نے آئی جی پولیس سے استفسار کیا کہ کیا کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ لانچر کیسے پھٹا جس سے اتنا جانی نقصان ہوگیا؟

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو ہدایت دی کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ دی جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ ایپکس کمیٹی (جو سول اور ملٹری حکام کا ایک فورم ہے) نے صوبے کے دریائی علاقوں میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا اور پولیس اور رینجرز کی جانب سے بالائی سندھ کے متاثرہ اضلاع میں ڈکیتوں کے گروہوں کے خلاف شروع کیے جانے والے بڑے آپریشن کی تفصیلات کو منظوری دی تھی۔